اتوار، 25 ستمبر، 2016

ٹریل 5 (ڈیرہ جنگلاں، Darra Janglan)، اسلام آباد


ٹریل 5 (ڈیرہ جنگلاں، Darra Janglan)، اسلام آباد

 ٹریل 5 سے متعلق:
ٹریل 5 (Darra Janglan) جدید سہولیات  سے آراستہ،  آسان،  خوبصورت محفوظ ٹریل ہے۔  یہ نئے اور ریگولر ہائیکرز کے لئے یکساں مفید ہے۔ اس ٹریل پر آپ کو خوبصورت و نایاب پرندے مختلف جانور  (بندر، گیدڑ، لومڑیاں اور چیتے) ملیں گے۔ سر سبز اور خوبصورت پودوں  (فلورہ اور فلونہ) کا پورا سلسلہ ملے گا۔ ٹھنڈے میٹھے پانی کے جھرنے ملیں گے۔ یہاں آپ کو پرندوں کی سریلی چہچاہٹ،  درختوں کی ٹھنڈی چھاؤں اور چھوٹے چھوٹے پتھروں میں سے گزرنے والے پانی کی موسیقی ملے گی۔ یقیناً یہ آپکی زندگی کا منفرد تجربہ ہو گا۔ آپ ٹریل 5 پر ہائیکنگ کر کے اپنے آپ کو تروتازہ ہلکا پھلکا اور پرسکون پائیں گے۔ جب آپ فطرت سے قریب ہوں گے تو آپکے ذہن کی بہت سی گرہیں کھلیں گی۔ آپ کو سوچنے کے لئے نئی سمت ملے گی۔ شہر کے ہنگام آپکو تسکین اور فرحت کا احساس ہو گا۔




ٹریل 5 کی لوکیشن:
سیکٹر
F-5 کی مخالف سمت، مارگلہ روڈ کے بلکل آخر پر آپ کو ٹریل 5 کا بورڈ اور پارکنگ نظر آئے گی۔ ٹریل 5 اور ٹریل 3 مارگلہ ایونیو پر قریب قریب ہی ہیں. اگر آپ پبلک ٹرانسپورٹ سے آنا چاہیں تو راولپنڈی ہائی وے سے 21 اور 136 نمبر روٹ اور مری روڈ سے 1 نمبر روٹ کی گاڑیاں آغا خان روڈ (میریٹ ہوٹل) تک آتی ہیں۔ آغا خان روڈ (میریٹ ہوٹل) کے پاس اتر کر آپ اتاترک ایونیو سے ٹریل 5 (تقریباً 2 کلو میٹر) تک گاڑی میں 7 منٹ اور پیدل تقریباً 30 منٹ میں پہنچ سکتے ہیں۔ اسی طرح آغا خان روڈ (میریٹ ہوٹل) کے پاس اتر کر آپ اتاترک ایونیو سے ٹریل 3 (تقریباً 1.8 کلو میٹر) تک گاڑی میں 5 منٹ اور پیدل تقریباً 24 منٹ میں پہنچ سکتے ہیں۔ جن ہائیکرز کے پاس اپنی کنونس نہیں وہ اس راستے سے باآسانی ٹریل 5 اور 3 تک پہنچ سکتے ہیں اور ہائیکنگ کے منفرد تجربہ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔





ٹریل 5 کی لمبائی /فاصلہ:
ٹریل 5 کا کل فاصلہ 5 کلو میٹر ہے۔ جسے طے کرنے میں تقریباً 3 سے 3.5 گھنٹے لگتے ہیں۔ اگر رفتار تھوڑی تیز ہو تو 2.5 سے 3.5 گھنٹے میں بھی طے کیا کیا جا سکتا ہے۔ راستے میں تقریباً 2 کلو میٹر تک آبشاریں اور پانی میسر ہے۔ ابتدائی ٹریل آسان جو کہ آگے آہستہ آہستہ مشکل ہوتا جاتا ہے. 
ٹریل 5 اور 3 متوازی چلتے ہیں. ٹریل 4 جو کہ 2.5 کلو میٹر پر مشتمل ہے وہ ان دونوں کو آپس میں ملاتا ہے۔

آپ کو کن اشیاء کی ضرورت ہو گی؟ 
اگر آپ نے ٹریل 5 پر ہائیکنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تو آپ کو مندرجہ ذیل اشیاء کی ضرورت ہو گی. 
1. اچھے آرام دہ جوتوں کا جوڑا جو کہ واٹر پروف ہو. 
2. فرسٹ ایڈ کا سامان 
3. پانی کی بوتل + ریفرشمنٹ کے لئے اشیاء 
4. ڈیجیٹل کیمرہ 
5. سن گلاسز + کیپ

ٹریل 5 کی نمایاں خصوصیات:
1. جدید سہولیات سے آراستہ
2. سیکیورٹی کے مکمل انتظامات 
3. پبلک ٹرانسپورٹ سے قریب تر
4. محفوظ اور کشادہ پارکنگ 
5. راستے میں پانی کا میسر ہونا
6. قدرتی حسن اور دلکش مناظر سے بھر پور 
7. فیملیز کے لئے سب سے بہتر




ٹریل 5 کا اختتام:
ٹریل 5 کا اختتام مین پیر سوہاوہ روڈ پر سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب ہوتا ہے۔ اگر آپ تقریباً 500 میٹر مغرب کی طرف چلیں تو "مونال ریسٹورنٹ" پہچ جائیں گے۔ یہاں آپ اسلام آباد کے نظاروں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
شہر کی مصروف زندگی سے وقت نکالیں اور فطرت کی دلکشی کو محسوس کریں. اسلام آباد کے مختلف کلب اور سوسائٹیز  سی ڈی اے کے ساتھ  مل کر واک،  ہائیکنگ اور کلیمبنگ ایونٹس کا انعقاد کرتی رہتی ہیں۔ آپ گروپ کی شکل میں اور انفرادی طور پر اپنی فیملی کے ساتھ ویک اینڈ پر ایسے ٹریلز اور شاہدرہ پکنک پوائنٹ پر جائیں....  یقیناً آپ کی زندگی کا منفرد تجربہ ہو گا۔

ایک حسین یاد ایک لازوال تجربہ:
الپائن کلب اور سی ڈی اے کے تعاون سے منعقدہ ایک دن کی ہائیکنگ (ٹریل5) میں مجھے شرکت کا موقع ملا. وہ دن بہت ساری پر لطف یادوں،  حسین لمحوں اور محبت بھرے ساتھیوں کی الفت و عنایت کے ساتھ میری زندگی کا ایک یادگار دن ہے۔ جس کا خیال آتے ہی میری روح کو تسکین ملتی ہے، میرا چہرا خوشی سے کھل اٹھتا ہے اور میرا دل پھر وہاں جانے کو مچلتا ہے۔ وہ دن ایک حسین یاد، ایک لازوال تجربے کے ساتھ میری زندگی کا اب حصہ ہے. اپنے گزرے ہوئے ان خوبصورت لمحوں کو آپ کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں.

ابرار حسین گوجر

























کوئی تبصرے نہیں: